ہر شخص کی نگاہیں کسی راہبر و راہنما اور پیشوا کی منتظر ہیں۔ صد ہزار شکر کہ حضرت پیر سید محمد اسمٰعیل شاہ بخاری حضرت صاحب کرماں والے کے جانشین ، منظور ِ نظر پوتے ، قبلہ پیر سید میر طیب علی شاہ بخاری سجادہ نشین حضرت کرماں والہ شریف نے بدعقیدگی کے خاتمے اور فروغ محبت ِ رسول اللہ صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کے لیے گھر گھر ماہانہ ''محافل میلاد'' جگہ جگہ ''مراکز میلاد'' اور مریدین و متوسلین کی تربیت ، ہدایت ، راہنمائی اور اصلاح کردار کے لیے دربار شریف پر ''تربیتی نشست'' کا آغاز کیا ہے، جس کا اہم مقصد اصلاح کردار اور تبلیغ ِ دین کے لیے منظم جدوجہد کرنا ہے۔ہم خوش قسمت ہیں کہ ہمیں ایسا مرشد کامل مل گیا ہے ، اللہ تعالیٰ اس مرکز رشدو ہدایت اور منبع ''انوار و تجلیات'' آستانہ عالیہ حضرت کرماں والہ شریف کو تاقیامت قائم و دائم رکھے اور مردہ دلوں کو حضور صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی محبت سے زندہ کر کے نئی زندگی اور حضرت کرماں والے کے کرم سے مزید فیض یاب کرتا رہے۔ زیر نظر کتاب ، حضرت کرماں والہ شریف پر راہ سلوک و طریقت کے لیے حاضر ہونے والے طلبگار مریدین اور وابستگان کی رہنمائی کے لیے ترتیب دی گئی ہے۔ تمام بیلیوں سے گذارش ہے کہ اپنے پیرومرشد کے ارشادات و ہدایات پر مکمل عمل کریں، روز مرہ زندگی میں شریعت و طریقت پر عمل پیرا ہوں ، دربار ِ عالیہ پر حاضری کو لازم جانیں تو تصور شیخ سے دین و دنیا کے تمام کام آسان ہو جائیں گے ، اللہ کریم آپ کو دینی کاموں میں استقامت عطا فرما کر دنیوی امور میں کامیاب و کامران فرمائے۔ (والسلام الیٰ یوم القیام ) ۔۔ سراسر غفلت کا تودہ ۔۔ محمد سمیع اللہ نوری طیّبی